وزیراعظم کی مصر کے صدر کو عید کی مبارکباد، پاک بھارت بحران میں مصر کے کردار کو سراہا

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہباز شریف نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور وزیراعظم نے مصر کی قیادت، حکومت اور عوام کو عید کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے پاکستان بھارت بحران میں مصر کے کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے مصر کی قیادت، حکومت اور عوام کو عید کی مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران مصر کے تعمیری کردار اور امن کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی ایٹ سربراہی اجلاس کے لیے گزشتہ سال دسمبر میں اپنے دورہ قاہرہ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مصر کے ساتھ اپنے موجودہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مصر کے ساتھ کئی شعبوں بشمول تجارت ، سرمایہ کاری اور صحت میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔

مصر کے صدر نے وزیراعظم کی عید الاضحیٰ کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور اس پرمسرت موقع پر پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیاء میں امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور ملائشیا کے وزیراعظم کو بھی ٹیلی فون کیا، وزیراعظم نے پاکستان بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران ملائیشیا کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم کا کویت کے ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ

وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انھیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔

دونوں رہنماؤں نے اُمت مسلمہ کی سلامتی کے لیے دعا کی اور دو طرفہ تجارتی تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے ولی عہد کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی۔ پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا کی سہولت میں نرمی پر شکریہ ادا کیا۔

Similar Posts