ریسکیو ذرائع کے مطابق 15 سالہ عبداللہ اپنے بڑے بھائی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر گھر کی جانب جا رہا تھا کہ اچانک فائرنگ کی ایک گولی اس کے سر میں آ لگی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق نوجوان اور اس کا بھائی ڈیفنس فیز 2 میں مکینک کی دکان پر کام کرتے تھے اور واقعے کے وقت دونوں گھر بلدیہ ٹاؤن کی سمت جا رہے تھے، مقتول عبداللہ آٹھ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔
واردات کے دوران عبداللہ کا بھائی بھی موجود تھا مگر اس کا موبائل فون بند ہونے کے باعث فی الحال واقعے کی مزید تفصیلات حاصل نہیں ہو سکیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کسی نامعلوم سمت سے ہوئی، جبکہ امکان ہے کہ دونوں بھائی عابد آباد کی جانب جا رہے تھے۔