وزیراعظم کا پاکستان میں کرپشن سے متعلق عوامی تاثرات پر مبنی رپورٹ پر اظہار اطمینان

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی پاکستان میں کرپشن کے بارے میں عوامی تاثر پر مبنی رپورٹ پر اظہار اطمینان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سروے کے مطابق عوام کی بڑی تعداد نے یہ رائے دی ہے کہ ہماری  حکومت کے دوران انہیں کرپشن کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ عوام کی یہ رائے کرپشن کے خلاف جنگ اور شفافیت کے فروغ کے حوالے سے ہماری کوششوں کا اعتراف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی اکثریت نے معیشت کی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات کو کامیاب قرار دیا جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی یہ رپورٹ حکومت کی جانب سے کی گئی اصلاحات کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ 

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کے ہر شعبے میں میرٹ اور شفافیت سے بھرپور نظام کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا اور اس حوالے سے مزید کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتے  معاشی اشاریے، اصلاحات اور حکومتی پالیسیوں اور اقدامات پر مثبت عوامی رائے ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ؛ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

Similar Posts