بھارتی انڈر 19 کرکٹرز کا کوچ پر تشدد، 20 ٹانکے، کندھا فریکچر

بھارت کی جنوبی ریاست پڈوچیری میں تین مقامی کرکٹرز نے انڈر 19 کرکٹ کوچ کو مبینہ طور پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ان کا کندھا اور پسلی فریکچر ہوگئے جبکہ ماتھے پر بھی گہرا زخم آیا ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت درج کر لیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق واقعہ کرکٹ ایسوسی ایشن آف پڈوچیری کے گراؤنڈ میں اس وقت پیش آیا جب کوچ وینکٹارمن دوپہر کے بعد نیٹ پریکٹس کی نگرانی کر رہے تھے۔

پولیس کے مطابق تین مقامی کرکٹرز، کارتکائن، اروند راج اور سنتوش کمارن نے کوچ پر الزام عائد کیا کہ وہ حیدرآباد میں جاری سید مشتاق علی ٹرافی کے لیے اُن کی ٹیم میں عدم شمولیت کے ذمہ دار ہیں۔

تحقیقات کے مطابق بحث کے دوران صورتحال اچانک خراب ہوگئی اور کھلاڑیوں نے مبینہ طور پر کوچ پر کرکٹ بیٹ سے حملہ کر دیا، جس کے بعد تینوں ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ یہ سوچا سمجھا حملہ تھا اور ملزمان تاحال مفرور ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

حملے کے نتیجے میں کوچ وینکٹارمن کے کندھے اور پسلی میں فریکچر ہوا جبکہ ماتھے پر بھی گہرا زخم آیا جسے کی وجہ سے انہیں 20 ٹانکے آئے، اور وہ تاحال اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کر لیا ہے۔ گراؤنڈ میں سی سی ٹی وی کیمرے غیر فعال ہونے کے باعث پولیس کو تفتیش میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اس واقعے کے بعد مقامی کرکٹ حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ کرکٹ ایسوسی ایشن آف پڈوچیری نے کہا ہے کہ وہ پولیس تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گی اور معاملے پر اندرونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

Similar Posts