پہلا ٹی ٹوئنٹی: بھارت نے جنوبی افریقا کو کم ترین اسکور پر آؤٹ کردیا

بھارت نے ہوم سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا کو صرف 74 رنز پر آؤٹ کرکے پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ جنوبی افریقا کا یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اب تک کا کم ترین اسکور ہے۔

منگل کے روز کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم محض 12.3 اوورز میں 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اس سے قبل پروٹیز کا کم ترین اسکور 87 تھا، جو انہوں نے 2022 میں بھارت ہی کے خلاف بنایا تھا۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 28 گیندوں پر ناقابلِ شکست 59 رنز بنائے، جس میں چار چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔

بھارت نے 78 رنز پر چار وکٹیں گنوانے کے بعد ہاردک پانڈیا کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اسکور کو آگے بڑھایا اور جونبی افریقا کو 175 رنز کا ہدف دیا۔ تلک ورما نے 26 جبکہ اکشر پٹیل نے 23 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا آغاز ہی سے مشکلات کا شکار رہا اور 45 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد پوری ٹیم 74 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ڈیوڈ بریوس 22 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ ٹریسٹن اسٹبز اور ایڈن مارکرم 14، 14 رنز بنا سکے۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا، ارشدیپ سنگھ اور اکشر پٹیل نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جسپریت بمرا نے میچ کے دوران ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنے 100 وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔

سیریز کا دوسرا میچ جمعرات چندی گڑھ کے مہاراجہ یداوندرا سنگھ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

Similar Posts