سندھ حکومت نے کراچی میں ہیوی ٹرانسپورٹ کے لیے رفتار کی حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کردی جبکہ ڈرائیورز کے لیے رینڈم ڈرگ ٹیسٹ کو لازمی قرار دے دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں ٹریفک مسائل پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزرا سعید غنی، مکیش کمار چاولہ، ضیا الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، کمشنر کراچی حسن نقوی سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں آئی جی پولیس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں 2024 میں 1,607,065 چالان ہوئے جس میں 1,336 ملین روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 512,190 گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں ہوئیں، 11,287 ڈرائیورز حراست میں لیے گئے اور مجموعی طور پر 650 ایف آئی آر درج کیں اور 7555 فٹنس سرٹیفکیٹ منسوخ کیے گئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہر میں بڑھتے ہوئے روڈ حادثات پر میں انتہائی افسردہ ہوں، ٹریفک اور ضلع پولیس کو مل کر کام کرنا چاہیئے اور مجھے صرف روڈ حادثات کی روک تھام چاہیئے، انسانی جانوں کا ضیاع ناقابل برداشت ہے، ماؤں کی گودیں اجڑ رہی ہیں، تمام ہیوی وہیکلز چلانے والوں کے ڈرائیونگ لائسنس چیک کیے جائیں۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز (HTVs)، لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکلز (LTVs) اور پبلک سروس وہیکلز (PSVs) میں ٹریکر اور ڈیش کیم کی تنصیب لازمی قرار دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تمام بھاری و ہلکی گاڑیوں میں انڈر رن پروٹیکشن ڈیوائسز کی تنصیب لازمی ہے، لیک کرتے یا بفل پلیٹس کے بغیر واٹر ٹینکرز کا سڑکوں پر چلنا ممنوع ہے، فٹنس سرٹیفکیٹ منسوخ گاڑیاں ضبط کی جائیں گی اور دوبارہ اجازت محکمہ ٹرانسپورٹ سے مشروط ہوگی۔
مراد علی شاہ نے بھاری اور ہلکی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لیے رینڈم ڈرگ ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا اور کراچی میں ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز کے لیے رفتار کی حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شفاف ای ٹکٹنگ کے لیے فیس لیس خودکار نظام متعارف کرانے کی ہدایت دی اور محکمہ ٹرانسپورٹ، ایکسائز، لائسنسنگ اتھارٹی، ٹریفک پولیس اور نادرا کو باہم منسلک کرنے کی بھی ہدایت دی۔
انہوں نے ٹریفک قوانین پر مؤثر اور ہم آہنگ عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور ٹریفک انجینئرنگ بیورو کی تنظیمِ نو کر کے اسے میئر کراچی کے ماتحت کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ڈرائیونگ لائسنس سے قبل بین الاقوامی معیار کی تربیت کو لازمی قرار دیا اور لائسنس ہولڈرز کے لیے ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم متعارف کرنے کی ہدایت دی۔
مراد علی شاہ نے غیر قانونی نمبر پلیٹس، کالے شیشے، غیر مجاز سائرن و لائٹس کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کی بھی ہدایت دی، ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے، ٹرپل سواری اور غیر محفوظ بائیکس کے خلاف بھی سخت کارروائی کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی، جس کی نگرانی آئی جی پولیس خود کریں گے۔