8 سال بعد پاک برطانیہ ترقیاتی مذاکرات کا نیا دور شروع

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان 8سال کے بعد ترقیاتی مذاکرات کا نیا دور شروع ہو گیا، تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیاتی تعاون اور سماجی شعبوں میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے پاک برطانیہ اقتصادی تعلقات میں نمایاں بہتری ہوئی ہے ۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور برطانیہ کی وزیر ترقیاتی امور بیرونیس چیپ مین کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات اور ترقیاتی تعاون  پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا پاکستان میں برطانوی کمپنیوں کی تعداد 200سے زائد ہو چکی ہے جس کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان سالانہ تجارتی حجم 5.5بلین پاؤنڈ سے تجاوز کرگیا ہے، فریقین نے اس اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

بیرونیس چیپ مین اور  وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے پاک یو کے ایجوکیشن گیٹ وے کے اگلے مرحلے کا افتتاح بھی کیا۔ دونوں ممالک نے صحت، تعلیم، آبادی اور ماحولیاتی استحکام کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا۔

علاوہ ازیں وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب  سے سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے وفد نے ملاقات کی،نجکاریاور غیر ملکی سرمایہ کاری پرگفتگو ہوئی۔ اورنگزیب نے کہا  حکومت سرمایہ کاری کی راہ  میں حائل  رکاوٹوں کو دور کر رہی ہے،کلی معیشت کے استحکام کو برقرار رکھنا اور اسے سرمایہ کاری و برآمدات پرمبنی نمو میں تبدیل کرنا ناگزیر ہے۔

Similar Posts