صدر مسلم لیگ نون میاں نوازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو جدید تقاضوں کیمطابق بدلتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو اپنانا ہوگا، پاکستان اختراعی تبدیلیوں کا شراکت دار بننے کیلئے تیار ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی سکلز سکھا کرعالمی ڈیجیٹل مارکیٹ کیلئے تیار کر رہے ہیں۔
صدر نون لیگ نوازشریف سے کرپٹو کرنسی ایکسچینج ڈیننس کے بانی اور سابق سی ای او چانگ پنگ ژاؤ نے ملاقات کی جس میں ملک میں ڈیجیٹل اکانومی کی ترویج پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز اور پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب بھی ملاقات میں موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے چانگ پنگ ژاؤ کی بطور اسٹریٹجک ایڈوائزر پاکستان کرپٹو کونسل تقرر کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ان کا تقرر ویب تھری اور ڈیجیٹل فنانس میں پاکستان کی شناخت کیلئے معاون ہوگا۔
ڈیننس کے بانی نے نوازشریف کے ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے فروغ کے وژن کو سراہا اور ڈیجیٹل اثاثہ جات اور فیوچر ٹیکنالوجی میں نوجوانوں کی شراکت کے امور پر گفتگو کی۔
میاں نوازشریف نے کہا کہ مسٹر ژاؤ جیسی شخصیات سے ملاقات میں ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوتی ہیں، پاکستان اختراعی تبدیلیوں کا شراکت دار بننے کیلئے تیار ہے۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ پنجاب مستقبل کی ٹیکنالوجیز کو اپنانے کیلئے بالکل تیار ہے، ہماری پوری توجہ نالج بیسڈ ٹیکنالوجی پر مرکوز ہے۔ نالج بیسڈ ٹیکنالوجی نئی جنریشن کو ڈیجیٹل انٹرپرائز کی راہ پر گامزن کرے گی۔