اسرائیل کا حماس کے اہم ترین کمانڈر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ؛ 3 شہادتیں

غزہ میں اسرائیلی فوج کی جنگ بندی خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں اور آج بھی ایک فضائی حملے میں 3 فلسطینی شہید ہوگئے۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ایک کار پر کیا گیا یہ حملہ حماس کے اہم ترین کمانڈر رعد سعد کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا جن کی موجودگی کی اطلاع انٹیلی جنس نے دی تھی۔

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ غزہ سٹی میں ایک گاڑی پر کیے گئے فضائی حملے میں حماس کے ایک اہم ترین عسکری کمانڈر رعد سعد کو نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رعد سعد حالیہ مہینوں میں حماس کے لیے اسلحے کی بحالی اور تیاری کی کوششوں میں سرگرم رہے تھے۔

اسرائیلی فوج نے حملے میں رعد سعد کی شہادت کی تصدیق نہیں البتہ یہ ضرور کہا ہے کہ اس واقعے کی مزید تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔

دوسری جانب فلسطینی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے غزہ سٹی کے مغربی علاقے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں کم از کم تین افراد شہید ہوگئے۔

اسرائیل نے یہ فضائی حملہ جنگ بندی لائن کے اس حصے میں کیا جو اب بھی حماس کے کنٹرول میں ہے جو کہ غزہ سیز فائر کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔

غزہ میں حالیہ مہینوں کے دوران اسرائیلی کارروائیوں میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں اور یہ حملہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی سمجھا جا رہا ہے۔

حماس کے کمانڈر رعد سعد کی شہادت یا زخمی ہونے کی آزادانہ طور پر تصدیق تاحال ممکن نہیں ہو سکی ہے۔

 

Similar Posts