کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل پر صدر تھانے کے باہر نامعلوم افراد کی جانب سے شدید احتجاج کیا جا رہا ہے، جس کے باعث مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مظاہرین نے متعدد گاڑیوں پر پتھراؤ کر کے ان کے شیشے توڑ دیے جبکہ موٹرسائیکل سواروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
صورتحال کے پیش نظر عائشہ باوانی کی جانب ایئرپورٹ اور عائشہ باوانی سے آواری کی طرف جانے والی شاہراہ فیصل دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق ایف ٹی سی سے آنے والی ٹریفک کو متبادل راستے کے طور پر سی ایس ڈی کی طرف موڑا جا رہا ہے جبکہ آواری کی جانب سے آنے والی ٹریفک کو لکی اسٹار کی طرف ڈائیورٹ کیا گیا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ چکے ہیں اور صورتحال کو قابو میں لانے کی کوششیں جاری ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر اس راستے سے گریز کریں اور متبادل راستے اختیار کریں۔