گاجر کا جوس غذائیت سے بھرپور مشروب سمجھا جاتا ہے جو نہ صرف بینائی بلکہ دل، جگر، جلد اور مدافعتی نظام کےلیے بھی فائدہ مند ہے۔ ماہرینِ صحت کے مطابق اعتدال کے ساتھ گاجر کے جوس کا استعمال متوازن غذا کا بہترین حصہ بن سکتا ہے۔
اہم غذائی اجزا
طبی ویب سائٹ ہیلتھ لائن کے مطابق گاجر کے جوس میں پوٹاشیئم، وٹامن سی اور پرو وٹامن اے وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ صرف ایک کپ گاجر کا جوس جسم کو وٹامن اے کی روزانہ درکار مقدار سے بھی کہیں زیادہ فراہم کرتا ہے، جب کہ اس میں وٹامن کے، پوٹاشیئم اور طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس جیسے بیٹا کیروٹین، لیوٹین اور زیایکسانتھین بھی شامل ہوتے ہیں، جو خلیوں کو نقصان سے بچاتے ہیں۔
آنکھوں کےلیے مفید
ماہرین کے مطابق گاجر کا جوس آنکھوں کی صحت کےلیے خاص طور پر مفید ہے۔ اس میں موجود بیٹا کیروٹین جسم میں جا کر وٹامن اے میں تبدیل ہوتا ہے، جو بینائی کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ لیوٹین اور زیایکسانتھین ریٹینا میں جمع ہوکر عمر کے ساتھ نظر کمزور ہونے کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
قوتِ مدافعت بڑھانے میں معاون
یہ مشروب قوتِ مدافعت بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ وٹامن اے، سی اور بی سکس مدافعتی خلیوں کو مضبوط بناتے ہیں اور جسم کو انفیکشنز سے لڑنے کے قابل بناتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ وٹامن بی سکس کی کمی مدافعتی نظام کو کمزور کرسکتی ہے۔
کینسر سے بچاؤ میں مددگار
تحقیقی مطالعات سے یہ بھی اشارہ ملتا ہے کہ گاجر کے جوس میں موجود بعض قدرتی اجزا کینسر کے خلیوں کی افزائش کو روکنے میں مدد دے سکتے ہیں، تاہم ماہرین واضح کرتے ہیں کہ اسے کینسر کا علاج سمجھنا درست نہیں اور اس حوالے سے مزید انسانی تحقیق کی ضرورت ہے۔
شوگر کنٹرول کرتا ہے
شوگر کنٹرول کے حوالے سے بھی گاجر کا جوس ایک بہتر انتخاب سمجھا جاتا ہے۔ اس کا گلائسیمک انڈیکس نسبتاً کم ہوتا ہے، جس کی وجہ سے یہ بلڈ شوگر کو تیزی سے نہیں بڑھاتا، البتہ ماہرین اعتدال پر زور دیتے ہیں۔
جلد کےلیے فائدہ مند
جلد کی خوبصورتی کےلیے بھی گاجر کا جوس فائدہ مند ہے۔ وٹامن سی کولاجن بنانے میں مدد دیتا ہے، جس سے جلد میں لچک اور تازگی برقرار رہتی ہے، جب کہ بیٹا کیروٹین سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے جلد کو بچانے میں کردار ادا کرتا ہے۔
دل کی صحت کا خیال
دل کی صحت کےلیے گاجر کے جوس میں موجود پوٹاشیئم اہم مانا جاتا ہے، جو بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ اینٹی آکسیڈنٹس دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
جگر کے افعال بہتر
ماہرین کا کہنا ہے کہ گاجر کا جوس جگر کے افعال کو بہتر بنانے میں بھی معاون ہو سکتا ہے۔ کچھ مطالعات کے مطابق اس میں موجود کیروٹینائیڈز جگر میں سوزش کم کرنے میں مدد دیتے ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
نظامِ ہاضمہ میں کارآمد
نظامِ ہاضمہ کے لیے بھی گاجر کا جوس فائدہ مند ہے، کیونکہ اس میں موجود فائبر اور پانی آنتوں کی صحت کو بہتر بناتے اور قبض سے بچاؤ میں مدد دیتے ہیں۔
فائدہ مند لیکن اعتدال بھی ضروری
ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ گاجر کے جوس کا حد سے زیادہ استعمال جلد کی رنگت میں پیلاہٹ پیدا کرسکتا ہے، جو بیٹا کیروٹین کی زیادتی کی وجہ سے ہوتا ہے، اگرچہ یہ نقصان دہ نہیں۔ اسی لیے گاجر کے جوس کو مکمل غذا کا متبادل بنانے کے بجائے متوازن خوراک کے ساتھ شامل کرنا ہی بہترین انتخاب ہے۔