حیدرآباد، بین الصوبائی کار چور گروہ کے خلاف کارروائی، مرکزی ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

حیدرآباد میں نائیجانی لنک روڈ بند کے قریب کار چوری کے ایک سنگین مقدمے میں ڈرامائی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں بین الصوبائی کار چور گروہ کا مرکزی ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس ٹیم گرفتار ملزم کو نشاندہی کے لیے جائے وقوعہ پر لے کر پہنچی۔

پولیس کے مطابق بی سیکشن تھانے کی حدود سے نامعلوم ملزمان ایک کار چوری کرکے فرار ہوگئے تھے۔

ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو کی سخت ہدایات پر پولیس نے ٹریکر کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے کنڈیارو ٹول پلازہ کے مقام پر مرکزی ملزم محمد سلیم ولد رانا برکت راجپوت سکنہ گجرانوالہ، کو گرفتار کیا۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ واردات میں اس کے ساتھی عبدالشکور عرف شکوری عرف فیصل اور عمران عرف مانی، دونوں سکنہ سیالکوٹ، نائیجانی لنک روڈ بند کے قریب موجود ہیں۔

اس اطلاع پر پولیس پارٹی گرفتار ملزم کو ہمراہ لے کر حفاظتی انتظامات کے تحت نشاندہی شدہ مقام پر پہنچی۔

پولیس کے مطابق جیسے ہی پولیس پارٹی وہاں پہنچی موقع پر موجود دونوں ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران گرفتار ملزم محمد سلیم راجپوت اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دونوں ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کرتے ہوئے پیدل فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس نے واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک ملزم بین الصوبائی کار چور گروہ سے تعلق رکھتا تھا، جس کے خلاف سندھ اور پنجاب کے مختلف تھانوں میں 33 سے زائد مقدمات درج تھے۔

قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے ہلاک ملزم کی لاش ایل ایم سی اسپتال حیدرآباد منتقل کردی گئی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Similar Posts