دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف ریاست کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ نے سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اے پی ایس سانحہ کو 11 سال مکمل ہونے پر وہ علم، امن اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے معصوم پھولوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کا سانحہ ہماری تاریخ کا وہ دردناک باب ہے جس نے پوری قوم کو ایک لڑی میں پرو دیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف ریاست کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہداء کا لہو ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ خوف، نفرت اور انتہاپسندی کے اندھیروں کو تعلیم، شعور اور اتحاد کی روشنی سے شکست دی جا سکتی ہے، ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنے بچوں کو محفوظ، پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان دیں گے، جہاں قلم کی طاقت بندوق سے زیادہ مضبوط ہو۔ 

انہوں نے کہا کہ قوم کی اصل طاقت اس کے نوجوان ہیں، اے پی ایس کے شہداء کی قربانی ہمیں حوصلہ، استقامت اور امید کا سبق دیتی ہے، شہداء کے مشن کو پورا کرنے کے لیے ہر سطح پر دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Similar Posts