انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان یو اے ای کو ہرا کرسیمی فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ 2025 میں متحدہ عرب امارات کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ آخری گروپ میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 70 رنز سے شکست دی۔

آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی دبئی میں منگل کے روز کھیلے گئے اپنے آخری گروپ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

گرین شرٹس نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 91 گیندوں پر 65 رنز بنائے، جس میں چار چوکے شامل تھے۔

پاکستان بیٹرز نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا، اوپنرز سمیر منہاس اور عثمان خان کے درمیان 40 رنز کی شراکت کے بعد عثمان خان 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد علی حسن بلوچ بھی صرف 2 رنز بناسکے۔

ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد احمد حسین نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔ احمد حسین 65، سمیر منہاس 44 اور حمزہ ظہور 42 رنز بناکر نمایاں رہے۔

یو اے ای کی جانب سے یوگ شرما نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم 37 ویں اوور میں 171 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ایان مصباح نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 77 رنز بنائے جن میں 12 چوکے شامل تھے، تاہم وہ 24ویں اوور میں رن آؤٹ ہوگئے۔ ان کے آؤٹ ہوتے ہی میچ کا پانسہ پلٹ گیا۔

یواے ای کی جانب سے پرتھوی مادھو 27، کپتان یاین رائے 13 اور محمد ریان 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔

پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد صیام، مومن قمر اور احمد حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پاکستانی کی فتح کے ساتھ ہی انڈر 19 ایشیا کپ 2025 کی تمام سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا ہے، جن میں پاکستان کے علاوہ بھارت، سری لنکا اور بنگلا دیش شامل ہیں، تاہم سیمی فائنل کے مقابلوں کا اعلان بدھ کو سری لنکا اور بنگلا دیش کے گروپ میچ کے بعد کیا جائے گا۔

Similar Posts