سکھر، گڈو کشمور روڈ پر مسافر کوچ حملے کا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

کچے کے علاقے میں سندھ پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران گڈو کشمور روڈ پر مسافر کوچ پر حملے اور مسافروں کے اغوا میں ملوث مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے تین ساتھیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت ہزارہ عرف لالہ سیکھانی کے نام سے ہوئی ہے جو بس مسافروں کے اغوا کا ماسٹر مائنڈ تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا جس کے دوران ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کی، جوابی کارروائی میں مرکزی ملزم مارا گیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ڈاکو سیکھانی مزاری گینگ کے سرغنہ قابل سیکھانی کا بھائی تھا اور اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر تھی۔

 آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اور کومبنگ آپریشن جاری ہے تاکہ زخمی ہونے والے دیگر ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔

Similar Posts