کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور معروف سیاسی شخصیت سینیٹر تاج حیدر کی نمازِ جنازہ یثرب امام بارگاہ کراچی میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں ملک کی اہم سیاسی، سماجی اور حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق نگراں وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر، میئر کراچی مرتضٰی وہاب، ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر، مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد، سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن، شاہ محمد شاہ، وقار مہدی، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، اور نثار کھوڑو سمیت دیگر اہم سیاسی و سماجی رہنما جنازے میں شریک ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اُن کی جمہوریت کیلئے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
مرحوم سینیٹر تاج حیدر کو وادی حسین قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ ان کی رحلت سے ملک ایک مدبر سیاستدان اور جمہوریت کے سچے داعی سے محروم ہوگیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے