وزیراعظم کی کیش لیس معیشت کے فروغ کی کوششیں مزید تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم نے ملک میں کیش لیس معیشت کے فروغ کی کوششوں کو  مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

RAAST کے بورڈ ممبران سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے نئی ذمے داریاں سنبھالنے والوں کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ اُمید ہے  قومی اہمیت کے حامل اس ادارے کو مزید بہتر انداز میں چلایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ  کیش لیس معیشت اور مالی شمولیت (Financial Inclusion) کے فروغ میں RAAST کا کلیدی کردار ہے۔ ملک بھر کے کاروباری افراد کو RAAST پلیٹ فارم کے استعمال کی ترغیب دینے کی کوششیں مزید تیز کی جائیں۔

اجلاس میں بورڈ ارکان کی جانب سے RAAST کی کارکردگی پر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ راست کے اجرا سے اب تک تقریباً 80 کھرب روپے کی 3 ارب سے زائد ٹرانزیکشنز مکمل ہو چکی ہیں۔ راست کے صارفین کی تعداد 48 ملین سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ ملک بھر کے 53 مالیاتی ادارے RAAST کا حصہ ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ راست اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا ادارہ ہے، تاہم ایک ممبر کے علاوہ تمام بورڈ ممبران نجی شعبے سے وسیع تجربے کی بنیاد پر منتخب کیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں تمام G2B اور B2G ادائیگیوں کو راست پر منتقل کرنا ادارے کا وژن ہے۔ راست کے ذریعے ہر فرد کو محفوظ اور قابلِ اعتماد ڈیجیٹل ادائیگی کا پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک، راست بورڈ کے ممبران ، سی ای او  اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

Similar Posts