نواز شریف سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ کی جاتی امرا میں ملاقات

0 minutes, 0 seconds Read

مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اپنی جماعت کے وفد کے ہمراہ جاتی امرا رائیونڈ میں ملاقات کی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق جاتی امرا میں ہونے والی اس اہم ملاقات کے موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزراء اویس لغاری، احسن اقبال، پرویز رشید، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال اور سردار اویس لغاری بھی ملاقات میں شامل تھے۔

میاں نواز شریف کی جانب سے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں بلوچستان کے حالیہ واقعات، دہشت گردی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے میاں نواز شریف کو دورہ بلوچستان کی دعوت بھی دی۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نواز شریف کو مہنگائی کی رفتار اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنے پر مبارکباد دی۔

بلوچستان دو دہائیوں سے خون میں رنگا ہوا ہے، عبدالمالک بلوچ

ملاقات کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ میں نواز شریف اور لیگی رہنماوں کا مشکور ہوں کہ ہمارے خیرسگالی وفد کو بھرپور احترام دیا، بلوچستان دو دہائیوں سے خون میں رنگا ہوا ہے اور اس دوران نواز شریف کا کردار بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو نواز شریف سے بہت امیدیں وابستہ ہیں اور انہوں نے نواز شریف سے درخواست کی کہ وہ بی این پی مینگل کے دھرنے اور خواتین کی جیلوں میں موجودگی پر اپنا کردار ادا کریں۔

عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ دوبارہ اپنے کردار کو فعال کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اور اس کا حل سیاسی طور پر ہی ممکن ہے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بے گناہ افراد کے قتل کی مذمت کی۔

نواز شریف بلوچستان میں امن کیلئے اپنا سیاسی اور جمہوری کردار ادا کریں گے، سعد رفیق

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نواز شریف سے درخواست کی کہ وہ سینیئر سیاستدان کے طور پر بلوچستان کے مسائل میں اپنا کردار ادا کریں، نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ بلوچستان میں امن کے لیے اپنا سیاسی اور جمہوری کردار ادا کریں گے۔

سعد رفیق نے کہا کہ جب نواز شریف وزیر اعظم تھے اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ وزیر اعلی تھے، تب بلوچستان میں ترقی ہوئی تھی۔ بدقسمتی سے جمہوریت میں تعطل آیا جس کی وجہ سے صورتحال یہاں تک پہنچی۔ نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ذاتی طور پر اس مسئلے میں دلچسپی لے کر اس کا حل نکالیں گے۔

عمران خان جب تک سیاستدانوں سے گفتگو نہیں کریں گے، مسئلہ حل نہیں ہو گا، رانا ثنا اللہ

جاتی عمرہ میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جب تک سیاستدانوں سے گفتگو نہیں کریں گے، مسئلہ حل نہیں ہو گا، بلوچستان میں پی ٹی آئی سٹیک ہولڈر نہیں ہے، سیاسی مسائل سیاستدان ہی گفتگو کے ذریعے حل کر سکتے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں بیٹھ کر ہی مسائل حل کریں گی۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ پنجاب سندھ کا ایک قطرہ پانی بھی چوری نہیں کرے گا، کچھ نام نہاد قوم پرست جماعتیں غلط گیم کر رہی ہیں، پیپلز پارٹی نے بھی اپنی جگہ بنانی ہے، نہری پانی پر معاملہ اتفاق رائے سے حل ہو جائے گا۔

نواز شریف سے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی ملاقات

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے جاتی امراء میں ملاقات کی۔

اویس لغاری نے پارٹی قائد کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات، اوپن مارکیٹ کے قیام سے بجلی مزید سستی کرنے، بجلی چوری اور گردشی قرض سے مستقل نجات پر اقدامات سے آگاہ کیا۔

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے اویس لغاری کو بجلی کی قیمتوں میں کمی پر مبارک دی۔

اس موقع پر گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں ہوتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی آسان کام نہیں تھا، وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے عوام کے ریلیف اور ملک کی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے اور یہی ہماری روایت ہے، یہی ہماری سیاست ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ عوام سے کئے وعدے پورے ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ آپ کی راہنمائی نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو کامیاب کیا۔

Similar Posts