کچن کے اجزا سے چمکتی جلد، لیکن کیا یہ محفوظ طریقہ ہے؟

گھر کے باورچی خانے میں موجود اجزا سے حسن و خوبصورتی کے ٹوٹکے صدیوں سے آزمائے جا رہے ہیں۔ تازہ پھل، ہلدی، دہی اور دیگر قدرتی چیزیں اکثر گھریلو فیشل اور اسکن کیئر کا حصہ بنتی ہیں۔

مگر سوال یہ ہے کہ کیا یہ اجزا ہر ایک کےلیے محفوظ بھی ہیں؟ ماہرِ جلد کا کہنا ہے کہ قدرتی ہونے کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ وہ نقصان سے پاک ہوں۔

ہر جلد ایک جیسی نہیں ہوتی

اتوار کی دوپہر ہو، کچن میں دھوپ آ رہی ہو اور دل چاہے کہ دہی اور ہلدی ملا کر فیشل کیا جائے۔ یہ خیال جتنا دلکش ہے، اتنا ہی محتاط ہونے کا تقاضا بھی کرتا ہے۔ ہر انسان کی جلد مختلف ہوتی ہے، کسی کی آئلی، کسی کی خشک، کسی کو ایکنی یا حساسیت کا مسئلہ ہوتا ہے۔ اسی لیے DIY اسکن کیئر آزمانے سے پہلے اپنی جلد کی نوعیت جاننا بے حد ضروری ہے، ورنہ فائدے کے بجائے نقصان بھی ہو سکتا ہے۔

وہ 4 کچن اجزا جو جلد کو متاثر کرسکتے ہیں

ماہرِین امراضِ جلد کے مطابق چند عام کچن اجزا بظاہر فائدہ مند لگتے ہیں، مگر احتیاط نہ برتی جائے تو مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔

لیموں اور ترش پھل:

یہ جلد کو نکھار تو سکتے ہیں مگر ان میں تیزابیت زیادہ ہوتی ہے، جو جلد کو دھوپ کے لیے حساس بنا دیتی ہے۔ اس سے سن برن اور جلن کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

ہلدی:

ہلدی اینٹی انفلامیٹری خصوصیات رکھتی ہے اور رنگت نکھارنے میں مدد دیتی ہے، لیکن کچھ افراد کو اس سے الرجی ہوسکتی ہے۔ اس کا گہرا رنگ جلد اور کپڑوں پر پیلے دھبے بھی چھوڑ سکتا ہے۔

دہی:

دہی میں لیکٹک ایسڈ ہوتا ہے جو ہلکی ایکسفولی ایشن میں مدد دیتا ہے، مگر حساس جلد والوں کے لیے یہ جلن یا دانوں کا باعث بن سکتا ہے۔

کافی اور چینی کے اسکرب:

یہ دانے دار اسکرب جلد کو تازگی تو دیتے ہیں، مگر حساس جلد پر باریک زخم (micro tears) بھی پیدا کرسکتے ہیں۔

ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر انفلوئنسرز کے بتائے گئے ہر ٹوٹکے پر آنکھ بند کرکے عمل نہ کریں، کیونکہ ہر جلد کا ردِعمل مختلف ہوتا ہے۔

کون سے کچن اجزا نسبتاً محفوظ ہیں؟

اگر جلد کو کوئی سنگین مسئلہ نہیں اور آپ قدرتی ٹوٹکے آزمانا چاہتے ہیں تو چند ہلکے اور محفوظ آپشنز موجود ہیں:

ایلوویرا جیل:

ہلکی نمی فراہم کرتا ہے اور عام جلد کے لیے موزوں ہے۔

اُبٹن:

بیسن اور ہلکے مصالحوں کا مرکب، جو قدرتی اور نرم اسکرب کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

انڈے کا ماسک:

عارضی طور پر جلد کو ٹائٹ کرنے میں مدد دیتا ہے، خاص مواقع سے پہلے فوری تازگی کے لیے مفید ہے۔

یاد رہے کہ یہ تمام ٹوٹکے وقتی نکھار دے سکتے ہیں، مستقل اور گہری اسکن کیئر کا متبادل نہیں۔

صحت مند جلد کے لیے 3 آسان عادتیں

جلد کو خوبصورت رکھنے کے لیے مہنگے یا خطرناک ٹوٹکوں کی ضرورت نہیں، بلکہ روزمرہ کی چند عادتیں ہی کافی ہیں:

پانی کا زیادہ استعمال:

مناسب مقدار میں پانی پینا جلد کی لچک اور تازگی برقرار رکھتا ہے۔

نرم کلینزر کا استعمال:

روزانہ ہلکے کلینزر سے چہرہ صاف کریں تاکہ قدرتی تیل برقرار رہے۔

دھوپ سے حفاظت:

سن اسکرین صرف ساحلِ سمندر کے لیے نہیں، بلکہ روزمرہ اسکن کیئر کا لازمی حصہ ہے جو قبل از وقت بڑھاپے اور نقصان سے بچاتا ہے۔

ماہر جلد سے مشورہ کیوں ضروری ہے؟

اگرچہ گھریلو ٹوٹکے دل کو بھاتے ہیں، مگر ماہرِ جلد سے مشورہ کرنا نہایت اہم ہے۔ ڈرماٹولوجسٹ آپ کی جلد کے مطابق ذاتی اسکن کیئر پلان بنا سکتا ہے، جو نہ صرف محفوظ بلکہ مؤثر بھی ہوگا۔

Similar Posts