کراچی میں ہیوی ٹریفک گردی، ٹرک کی ٹکر سے نوجوان موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق، دوسرا شدید زخمی

شہر میں ہیوی گاڑی سے جان لیوا حادثات کا سلسلہ بدستور جاری ہے، سکھن کے علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پراسسنگ زون گیٹ کے قریب سامان سے لدے ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لانڈھی ایکسپورٹ پراسسنگ زون گیٹ کے قریب سامان سے لدے ٹرک نے موٹرسائیکل سوار کو زور دار ٹکر ماری جس کے نتیجے میں بائیک مکمل تباہ ہوگئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر متوفی کی لاش اور زخمی نوجوان کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا۔

 ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 25 سالہ حذیفہ خان ولد بختیار احمد کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 18 سالہ عرفان ولد نور محمد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

 موقع پر موجود مشتعل افراد کی جانب سے ٹرک پر پتھراؤ اور اسے نذر آتش کرنے کی بھی کوشش کی گئی تاہم پولیس نے سخت جدوجہد کے بعد صورتحال پر قابو پاکر ٹرک کو اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا۔

ٹرک پر سامان سے بھرے کاٹن لدے ہوئے ہیں جبکہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے تاہم پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

Similar Posts