ترجمان کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ حادثے میں دو افراد شدید جبکہ ایک شخص معمولی زخمی ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا شخص ایمبولینس کا ڈرائیور تھا۔ ایمبولینس کراچی سے مظفرگڑھ میت لے کر جا رہی تھی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھند کے باعث لگائے گئے ڈائیورژن پر تیز رفتاری کے دوران حادثہ پیش آیا، اور ایمبولینس ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔
موٹروے پولیس نے زخمیوں کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) ظاہر پیر منتقل کروایا۔ پولیس کی پیشہ ورانہ اور بروقت کارروائی کے باعث موٹروے پر ٹریفک جلد بحال کر دی گئی۔
ترجمان موٹروے پولیس نے روڈ یوزرز سے اپیل کی ہے کہ دھند کے دوران رفتار کم رکھیں اور تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔