پاکستان کی ویمن کرکٹر سدرہ نواز رشتہ ازدواج میں منسلک

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی معروف وکٹ کیپر بلے باز سدرہ نواز نئی زندگی کے سفر کا آغاز کرتے ہوئے شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔

سدرہ نواز کے نکاح کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں اہلِ خانہ، قریبی عزیز و اقارب اور دوست احباب نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق سدرہ نواز کا نکاح غیاث خان سے ہوا، نکاح کی تقریب نہایت سادگی اور خوشگوار ماحول میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر خاندان کے افراد اور قریبی رشتہ داروں نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

رپورٹس کے مطابق سدرہ نواز اور غیاث خان کی شادی کی مرکزی تقریب آج لاہور میں منعقد کی جائے گی، جس میں اسپورٹس سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے علاوہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔

اس سے قبل سدرہ نواز کی مہندی اور مایوں کی رنگا رنگ تقریبات بھی لاہور میں منعقد ہوئیں جن میں قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کئی ساتھی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

مہندی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں جنہیں مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔

https://www.facebook.com/photo/?fbid=1461274119339092&set=a.374164921383356

سدرہ نواز کا شمار پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی تجربہ کار اور اہم کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ وہ اپنی شاندار وکٹ کیپنگ اور ذمہ دار بیٹنگ کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں اور قومی ٹیم کے لیے متعدد بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھا چکی ہیں۔

سوشل میڈیا پر شائقینِ کرکٹ، ساتھی کھلاڑیوں اور کھیل سے وابستہ شخصیات کی جانب سے سدرہ نواز کو شادی کی مبارکبادیں دی جا رہی ہیں اور ان کے لیے نئی زندگی میں خوشیوں، کامیابیوں اور خوشحال مستقبل کی دعائیں کی جا رہی ہیں۔

Similar Posts