پنجاب میں روزانہ 2 لاکھ لیٹر جعلی دودھ فروخت کرنے والا منظم گروہ پکڑا گیا

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبے میں میں جعلی دودھ کا سب سے بڑا نیٹ ورک چلانے والے گروہ کو پکڑ لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک کارروائی کرتے ہوئے جعلی دودھ بنانے والے ملزم مقصود بھٹی، روف بھٹی اور ڈاکٹر خالد کو گرفتار کر کے نیٹ ورک توڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔ 

مقصود بھٹی 6 اور رؤوف بھٹی 8 مقدمات میں طویل عرصہ سے پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔ وزیر اعلٰی پنجاب، مریم نواز شریف کا چیف سیکرٹری پنجاب سیکرٹری ہوم اور آئی جی پنجاب کا کامیابی پر شکریہ ادا کیا۔ 

ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ ملزمان روزانہ 2 لاکھ لیٹر جعلی دودھ تیار کر کے پنجاب کے مختلف اضلاع میں سپلائی  کرتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبہ بدر ہونے پر ملزمان نے دوسرے صوبوں اور وفاق میں یونٹ لگانے کی گھناونی کوشش کیں اور اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھ کر ریاستی رٹ کو چلینج کیا۔

عاصم جاوید کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ریکی اورانٹیلیجنس کی وجہ سے ملزمان کے تمام یونٹ بند کروائے گئے، پنجاب میں رؤوف بھٹی اور مقصود بھٹی کے تمام ٹھکانے بند کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کیخلاف فیصل آباد، چکوال، وہاڑی، بہاولنگر، راولپنڈی میں مقدمات درج ہیں، عوام الناس کی صحت کیساتھ کھلواڑ کرنے والے غذائی دہشتگرد ہیں، جن کا مکمل صفایا کیا جائے گا اور فوڈ سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

Similar Posts