قومی گورننگ باڈی دیوالیہ ہونے کے بعد آئی سی سی کا امریکی کھلاڑیوں کو فنڈز دینے کا اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) نے امریکا کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی مالی معاونت کا اعلان کر دیا ہے تاکہ وہ اگلے سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھ سکیں۔

عالمی خبر رساں ادارے میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کا یہ فیصلہ امریکا کے قومی کرکٹ بورڈ USA Cricket (USAC) کے شدید مالی اور انتظامی بحران کے باعث سامنے آیا ہے۔ USAC کو ستمبر میں ناقص گورننس، امریکی اولمپک اور پیرالمپک کمیٹی سے شناخت نہ ہونے اور کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے جیسے مسائل کے سبب آئی سی سی نے معطل کر رکھا ہے۔

امریکی کرکٹ بورڈ نے دیوالیہ ہونے کی درخواست بھی دائر کی تھی کہ اس کے پاس کھلاڑیوں کو تنخواہیں اور دیگر مالی ذمہ داریاں پورا کرنے کی صلاحیت محدود ہو گئی ہے۔ ایسے میں آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ وہ براہِ راست کھلاڑیوں کو فنڈ فراہم کرے گا اور ان کی تیاری کے پروگرام کی مالی معاونت کرے گا تاکہ امریکا کی ٹیم کی شرکت اور عالمی مقابلوں میں مسابقت متاثر نہ ہو۔

آئی سی سی کے بیان میں کہا گیا ہے کھلاڑیوں کے معاہدوں کے تحت واجب الادا ادائیگیوں اور پرفارمنس پروگراموں کے لیے فنڈ فراہم کرنے کو تیار ہیں، امریکا کی شمولیت اور عالمی مقابلوں میں مسابقت کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اس صورتحال کے باوجود امریکا کی قومی ٹیم اگلے سال فروری میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے شیڈول ہے اور اسے گروپ اے میں دفاعی چیمپئن انڈیا، پاکستان، نمیبیا اور نیدرلینڈز جیسے مضبوط حریفوں کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

Similar Posts