تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم پرتھ اور برسبین میں ابتدائی 2 ٹیسٹ بری طرح ہارنے کے بعد کوئنزلینڈ کے سیاحتی مقام نووسا گئی تھی، وہاں کھلاڑیوں نے کئی دن ساحل، ریسٹورینٹس و بارز کے اردگرد گزارے، وہاں ٹی وی ٹیمیں، فوٹوگرافرز اور رپورٹرز ان کا پیچھا کرتے رہے۔
اس کے بعد ٹیم ایڈیلیڈ پہنچی جہاں تیسرا ٹیسٹ اور ایشز دونوں ہار گئی، ایک برطانوی اخبار نے گزشتہ دنوں رپورٹ کیا کہ برسبین ٹیسٹ کے بعد کھلاڑیوں نے غم غلط کرنے کے لیے شراب نوشی کی، یہ کہنا مبالغہ نہیں ہوگا کہ تمام نہیں مگر کئی کرکٹرز5 یا 6 دن تک پیتے رہے، انھوں نے نووسا میں کوئی غیر اخلاقی حرکت تو نہیں کی لیکن شراب نوشی کی مقدار پر تشویش پائی جاتی ہے، ٹیم کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر پہلے ہی سوالات اٹھ رہے تھے۔
اب انگلینڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر روب کی نے کہا کہ ہم ایشز سیریز کے دوران ساحلی مقام پر ضرورت سے زیادہ شراب نوشی کی رپورٹس پر تحقیقات کریں گے،کسی انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم کے لیے اس حد تک شراب نوشی کسی بھی وقت قابلِ قبول نہیں،اگر ہم اس پر توجہ نہ دیں تو یہ ہماری غلطی ہوگی۔
انھوں نے مزید کہا کہ مجھے کھلاڑیوں کے کبھی کبھار ایک آدھ ڈرنک پینے سے کوئی ایشو نہیں لیکن اگر بات اس سے آگے بڑھ جائے تو یہ میرے نزدیک مسئلہ ہے،اگر مقصد صرف آرام کرنا، فون بند کر دینا اور ساحل پر وقت گزارنا تھا تو مجھے نووسا ٹرپ پر بھی کوئی اعتراض نہیں لیکن اگر وہ حد سے زیادہ پینے لگیں اور اسے پارٹی میں بدل دیں تو یہ بالکل ناقابلِ قبول ہے،انھوں نے مزید کہا کہ ایشز سیریز کے آغاز سے قبل جب کچھ کھلاڑی نیوزی لینڈ میں محدود اوورز کے میچ سے ایک رات پہلے بار میں شراب پیتے دیکھے گئے تو ہم نیاس کی غیر رسمی طور پر جانچ کی تھی، مجھے نہیں لگا کہ وہ واقعہ رسمی وارننگ کے قابل تھا لیکن غیر رسمی تنبیہ ضرور بنتی تھی۔
انگلش ٹیم صرف 11 دنوں میں ایشز ہار گئی، یہ گزشتہ 100 سال سے زائد عرصے کی سب سے تیز شکستوں میں سے ایک ہے،اس کے باوجود ایم ڈی نے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا،انھوں نے کہا کہ کوچ اور میری اپنی قسمت اب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے فیصلے پر منحصر ہے، چاہے وہ ہوم ایشز سیریز ہو یا گزشتہ سمر میں بھارت سے میچز ہم بڑے مواقع پر ناکام رہے ہیں ،اب ہمیں ترقی کرنی اور یقینی بنانا ہوگا کہ معاملات کو بہتر طریقے سے سنبھالیں۔
دریں اثنا بورڈ بیٹر بین ڈوکیٹ کی ویڈیو کی بھی تصدیق کرنے کیلیے کوشش کر رہا ہے جس میں انھیں نشے میں دھت ہو کر ٹیم ہوٹل واپس جانے میں دشواری کا سامنا تھا ۔