کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کا یومِ پیدائش کے موقع پر کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی باوقار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

ملک میں آج قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش قومی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

تقریب کے دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے بابائے قوم کو سلامی پیش کی، جبکہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ اس تقریب میں عسکری نظم و ضبط اور قومی وقار نمایاں نظر آیا۔

گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل افتخار حسین چوہدری (ہلالِ امتیاز) تھے، جنہوں نے مزارِ قائد پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی اور قائدِ اعظم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

یومِ ولادتِ قائدِ اعظم کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے، جبکہ سرکاری اور غیر سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں اور مختلف تنظیموں کے زیرِ اہتمام خصوصی تقریبات، سیمینارز اور دعائیہ اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں۔

ان تقریبات میں قائدِ اعظم کے افکار، جدوجہد اور پاکستان کے لیے ان کی خدمات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

Similar Posts