افریقا کی بلند ترین چوٹی پر ریسکیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ؛ 2 غیرملکی سیاح سمیت 5 ہلاک

تنزانیہ کا ریسکیو مشن کے لیے جانے والا ایک ہیلی کاپٹر برّاعظم افریقا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ کلیمنجارو پر حادثے کا شکار ہو گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر بلند ترین پہاڑی پر پھنسے دو غیرملکی سیاحوں کو نکال کر واپس آرہا تھا اور خود حادثے کا شکار ہوگیا۔

اس حادثے میں ہیلی کاپٹر میں موجود تمام 5 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جن میں دونوں غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں۔ جن کا تعلق چیک جمہوریہ سے تھا۔

ہیلی کاپٹر حادثے میں غیر ملکیوں کے ساتھ ہلاک ہونے والے مقامی ڈاکٹر، ٹور گائیڈ اور پائلٹ بھی شامل ہیں۔ 

مقامی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ کلیمنجارو کے مشہور سیاحتی راستے پر بارافو کیمپ اور کیبو سمٹ کے درمیان پیش آیا جہاں بلندی 13 ہزار 100 فٹ سے زائد ہے۔

مقامی پولیس کمانڈر نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر کلیمنجارو ایوی ایشن کمپنی کا تھا جو طبی امداد کی خدمات فراہم کرتی ہے۔

تاہم اس کمپنی کی جانب سے ہیلی کاپٹر حادثے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

تاحال ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم تنزانیہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی حفاظتی ضوابط کے تحت تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ تقریباً 20 ہزار فٹ بلند ماؤنٹ کلیمنجارو پر ہر سال تقریباً 50 ہزار سیاح آتے ہیں کیوں کہ اس کی چڑھائی تکنیکی طور پر زیادہ مشکل نہیں ہے۔

اس سے قبل نومبر 2008 میں بھی اس چوٹی پر ایک حادثے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

 

Similar Posts