ایشیز سیریز: انگلینڈ 14 سال بعد آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ جیت گیا

انگلینڈ نے ابتدائی تین میچز میں شکست کے بعد بالاخر میلبرن کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے 175 رنز کے ہدف کو 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ایشیز سیریز میں اپنی پہلی فتح حاصل کر لی۔ انگلینڈ 14 سال بعد آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔

میلبرن میں کھیلے گئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 175 رنز کا ہدف حاصل کیا، جس کے بعد اس نے آسٹریلیا کو اسٹیو اسمتھ کی قیادت میں پہلی بار شکست دی۔

انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک 18 اور جیمی اسمتھ 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جیکب بیتھیل 40، زیک کرولی 37 اور بین ڈکٹ 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جو روٹ 15، برائیڈن کارس 6 اور کپتان بین اسٹوکس 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی طرف سے جھائی رچرڈسن، اسکاٹ بولینڈ اور مچل اسٹارک نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

سیریز کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 4 رنز بغیر کسی نقصان کے کیا لیکن پوری ٹیم 132 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

اس دوران ٹریوس ہیڈ 46 اور کپتان اسٹیو اسمتھ ناٹ آؤٹ 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی طرف سے برائیڈن کارس نے 4، بین اسٹوکس نے 3، جوش ٹنگ نے 2 اور گس ایٹکنسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلے روز دونوں ٹیمیں اپنی پہلی اننگز میں آل آؤٹ ہوگئی تھیں۔ انگلش کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی جس میں آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 152 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ انگلینڈ کی پہلی اننگز محض 110 رنز پر ختم ہوئی، جس کے بعد آسٹریلیا کو 42 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

یہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ہے جو دوسرے دن ہی اختتام پذیر ہوا، جس میں انگلینڈ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کی۔

Similar Posts