فحش ویڈیو بنانے کا اسکینڈل؛ مدعیہ کا بیان تبدیل، مرکزی ملزم سے بھاری رقم لینے کا انکشاف

مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں اسکول ٹیچرز اور طالبات کی فحش ویڈیو بنانے کے اسکینڈل میں مدعیہ نے اپنے ساتھ زیادتی نہ ہونے کا بیان دے دیا۔

مرکزی ملزم ہدایت علی رضوی سے مدعیہ شازیہ کوثر نے بھاری رقم لے کر اپنے ساتھ زیادتی نہ ہونے کا بیان دے دیا۔

راضی نامہ دینے پر پولیس کی مدعیت میں خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ ایس ایچ او بھی تبدیل ہوگیا تاہم ملزمہ فرار ہوگئی۔

پولیس کے مطابق مدعیہ شازیہ کوثر نے ملزم سے بھاری رقم وصول کر کےعدالت میں زیادتی نہ ہونے کا بیان دے دیا تھا۔ ہدایت رضوی کے خلاف مقدمہ اس کے والد نے درج کروایا تھا۔

متاثرہ نے بیان دیا کہ کوئی زیادتی نہیں ہوئی اور عدالت نے ملزم کی ضمانت کنفرم کر لی۔

ترجمان ڈی پی او مظفرگڑھ کے مطابق ملزم سے ساز باز، بھاری رقم لینے اور وقوعہ سے منحرف ہونے پر تھانہ سٹی علی پور میں مقدمہ درج کر دیا۔ ڈی پی او مظفرگڑھ نے ایس ایچ او الیاس خان کو بھی تبدیل کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمہ فرار ہوگئی جبکہ ایک دوسرے مقدمے میں ہدایت رضوی تاحال عبوری ضمانت پر ہے۔

Similar Posts