پاکستان کے نور زمان نے انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ جیت لی، فائنل مقابلے میں انہوں نے مصر کے کریم التور کو 2-3 سے شکست دی۔
کراچی میں ہونے والی انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ پاکستان نے اپنے نام کرلی، فائنل میں پاکستان کے نور زمان نے مصر کے کریم التور کو 2-3 سے شکست دی۔
5 سیٹ پر مشتمل فائنل میں ابتدائی دونوں گیمز مصر کے کریم التور نے جیتے تاہم پاکستان کے نور زمان نے 0-2 کے خسارے کے بعد بہترین کم بیک کرتے ہوئے اگلے تینوں سیٹ جیت کر کامیابی حاصل کی۔
چیمپئن بننے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نور زمان کا کہنا تھا کہ 0-2 کے خسارے کے بعد یہی سوچ تھی کہ اپنے گیم پر فوکس کروں اور آخری وقت تک فائٹ کرنے کا ذہن میں تھا۔
اس سے قبل، انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں نور زمان نے ملائیشیا کے چنداران کےخلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔
نور زمان نے پہلے گیم میں 6-11 سے اور دوسرے گیم میں 2-11 سے کامیابی حاصل کی جب کہ تیسرے گیم میں بھی نورزمان کو 4-6 سے برتری حاصل تھی تاہم چندارن انجری کے سبب میچ سے دستبردار ہوگئے۔
دوسرے سیمی فائنل میں مصر کے کریم التورکی نے اپنے ہم وطن ابراہیم الکبانی کو 1-3 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔