انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں واقع ایک نرسنگ ہوم میں آگ لگنے سے 16 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں متعدد افراد شدید جھلسنے سے زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مانیڈو شہر کی فائرفائٹنگ اور ریسکیو ایجنسی کے سربراہ جِمو روٹنسولو کے مطابق، ویرڈھا دامائی ریٹائرمنٹ ہوم میں آگ لگنے کی اطلاع اتوار کی شام 8 بج کر 31 منٹ پر موصول ہوئی، جو کہ پاکستانی وقت کے مطابق پیر کے دن تقریباً ساڑھے 12 بجے ہے۔
جِمو نے بتایا کہ جب آگ لگی تو ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد اپنے کمروں میں سو رہے تھے، کئی لاشیں کمروں کے اندر پائی گئیں۔
حکام نے 12 افراد کو بروقت نکال کر مقامی اسپتال منتقل کیا، جنہیں کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا۔
مقامی میڈیا کے مطابق، فائر بریگیڈ کے اہلکاروں اور مقامی لوگوں نے مل کر متعدد بزرگ شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
یہ واقعہ انڈونیشیا میں حالیہ مہینوں کے دوران پیش آئے آتشزدگی کے مہلک واقعات میں تازہ اضافہ ہے۔
اس سے قبل اسی ماہ دارالحکومت جکارتہ میں سات منزلہ دفتر کی عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 22 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
2023 میں ملک کے مشرقی علاقے میں نکل پروسیسنگ پلانٹ میں دھماکے کے بعد کم از کم 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
حکام نے نرسنگ ہوم میں حفاظتی اقدامات اور آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔