تاہم یہ بات کم ہی لوگ جانتے ہیں کہ اس فلم کا مرکزی کردار ابتداء میں عامر خان کے لیے نہیں بلکہ اداکار اکشے کھنہ کے لیے لکھا گیا تھا۔
ایک انٹرویو میں اکشے کھنہ نے اس دلچسپ واقعے کا انکشاف کیا۔
مڈ ڈے انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکشے کھنہ نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ فلم کے مصنف امول گپتے انہیں ذاتی طور پر نہیں جانتے تھے، اس لیے انہوں نے عامر خان سے درخواست کی کہ وہ اکشے کو فون کر کے اسکرپٹ سننے کے لیے بلائیں۔
اکشے کھنہ نے کہا کہ چونکہ عامر خان اور میں اس سے قبل ’دل چاہتا ہے‘ میں ایک ساتھ کام کر چکے تھے، اس لیے امول گپتے نے عامر سے مدد مانگی تھی۔
عامر خان نے جواب دیا کہ وہ اسکرپٹ سنے بغیر اس کی سفارش نہیں کریں گے۔ امول گپتے نے کہانی عامر خان کو سنائی، جو انہیں اس قدر پسند آئی کہ انہوں نے خود ہی فلم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
بعد میں عامر خان نے اکشے کھنہ کو پورا قصہ سناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فلم خود کرنے کا فیصلہ کیا، جس پر اکشے نے خندہ پیشانی سے ردعمل دیا۔
یاد رہے کہ عامر خان نے نہ صرف اس فلم میں مرکزی کردار ادا کیا بلکہ اسی کے ساتھ ہدایت کاری میں بھی قدم رکھا۔
2007 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم انتہائی کامیاب ثابت ہوئی اور کئی قومی اعزازات اپنے نام کیے۔
کام کے محاذ پر اکشے کھنہ جلد فلم دھرندھر 2 میں نظر آئیں گے، جو 19 مارچ 2026 کو ریلیز ہوگی جبکہ عامر خان اپنی پروڈکشن فلم ’ہیپی پٹیل: خطرناک جاسوس‘ میں مختصر کردار ادا کریں گے۔