امیر بالاج قتل کیس؛ ملزم گوگی بٹ کی عبوری ضمانت میں توسیع

0 minutes, 0 seconds Read
سیشن کورٹ لاہور نے امیر بالاج قتل کیس میں ملزم خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

سیشن کورٹ کے جج سید نجف کاظمی نے عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ہماری طرف سے مہیا کیا گیا ریکارڈ پولیس نہیں لے رہی اور اسے پولیس ریکارڈ کا حصہ نہیں بنا رہی۔

انویسٹیگیشن آفیسر نے بتایا کہ جو بھی ریکارڈ دیا گیا ہے وہ ضمنی کا حصہ بنا دیا ہے، ملزم گوگی بٹ 4 سے 5 مرتبہ تفتیش میں شامل ہوئے ہیں سب ریکارڈ میں منسلک ہے۔

وکیل نے کہا کہ سینئر کونسل موجود نہیں ہے کیس کو کل تک کے لیے ملتوی کیا جائے، ہم دلائل کے لیے مکمل تیار ہیں اور کل دلائل دیں گے۔

گوگی بٹ کے وکیل نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے ملزم کے بار بار عدالت میں پیش ہونے سے مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

جج سید نجف کاظمی نے ریمارکس دیے کہ کل کی تاریخ نہیں دے سکتے انتظامی معاملات بھی دیکھنے ہوتے ہیں، کل اگر دونوں فریق نہیں آ سکتے تو پیر کو لازمی پیش ہوں اور دلائل دیں، مزید دلائل کے لیے وقت نہیں دیا جائے گا۔

سیشن کورٹ کے جج سید نجف کاظمی نے ملزم گوگی بٹ کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

Similar Posts