ترجمان موٹروے پولیس سینٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر یہ اقدام کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق لاہور ایسٹرن بائی پاس دھند کی شدت کے باعث مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم تھری فیض پور سے جڑانوالہ تک جبکہ موٹروے ایم ٹو لاہور سے ہرن مینار تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے روڈ یوزرز لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور حتی الامکان دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔
ترجمان کے مطابق دھند میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات نسبتاً محفوظ تصور کیے جاتے ہیں۔
ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس کا لازمی استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں۔
موٹروے پولیس سنٹرل ریجن نے مزید کہا کہ شہریوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 ہمہ وقت فعال ہے، کسی بھی ایمرجنسی یا معلومات کے لیے فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے جاری ہدایات پر مکمل عمل کریں۔