کراچی ائیرپورٹ پر ایک افسر چوہے پکڑنے کی ڈیوٹی پر تعینات

0 minutes, 0 seconds Read
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر انتظامی امور کے انوکھے فیصلے کے تحت ایک افسر کو سیوریج، بیت الخلاؤں کی صفائی اور چوہے پکڑنے کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد صفائی کے نظام کو بہتر بنانا اور مسافروں کو صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ افسر ایئرپورٹ کے مختلف ٹرمینلز میں سیوریج کے نظام، عوامی بیت الخلاؤں کی صفائی اور چوہوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے انتظامات کی نگرانی کرے گا۔

اس عہدے کی بنیاد ڈپٹی ڈائریکٹر نے رکھی ہے جبکہ ڈائریکٹر کراچی منتظر مہدی نے اسسٹنٹ سب انسپیکٹر منور مہدی کو یہ ذمہ داری سونپتے ہوئے ایڈمن انچارج بنایا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صفائی اور حفظانِ صحت سے متعلق شکایات میں اضافے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔

دوسری جانب اس تقرری پر ایئرپورٹ کے عملے اور سوشل میڈیا حلقوں میں ملا جلا ردِعمل سامنے آیا ہے، جہاں بعض افراد نے اسے انتظامی نااہلی جبکہ بعض نے غیر معمولی مگر ضروری قدم قرار دیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق صفائی کے نظام میں بہتری نہ صرف مسافروں کے اطمینان کے لیے ضروری ہے بلکہ بین الاقوامی معیار برقرار رکھنے کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

Similar Posts