عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انجلینا جولی نے رفح کوریڈور پر بین الاقوامی ادارے ریڈ کریسنٹ کے رضاکاروں اور غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے ٹرک ڈرائیورز سے ملاقات کی۔
انجلینا جولی کے اس اہم دورے میں ان کے ہمراہ امریکی وفد بھی تھا جنھیں مصر کے اعلیٰ حکام نے خوش آمدید کہا اور بریفنگ دی۔
اداکارہ انجلیان جولی نے کہا کہ رفح بارڈر پر غزہ کے متاثرین کو خوراک کی فراہمی کے لیے خدمات انجام دینے والے رضاکاروں سے ملنا میرے لیے باعثِ اعزاز و افتخار ہے۔
ریڈ کریسنٹ کے ایک رضاکار نے انجلینا جولی کو بتایا کہ سرحد پر ہزاروں امدادی ٹرک داخلے کے منتظر ہیں لیکن غزہ پر عائد پابندیوں کے باعث امداد کی ترسیل شدید مشکلات کا شکار ہے۔
انجلینا جولی نے کہا کہ اس ہنگامی دورے کا مقصد بھی غزہ سے مصر منتقل کیے جانے والے زخمی فلسطینیوں کی حالت اور امداد سامان کی ترسیل میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لینا اور انھیں حل کرنا ہے۔
خیال رہے کہ اگرچہ اکتوبر سے غزہ میں نافذ جنگ بندی کے تحت رفح بارڈر کو دوبارہ کھولنے کی بات کی گئی تھی لیکن اب تک گذرگاہ مکمل طور پر فعال نہیں ہو سکی ہے۔
دسمبر کے اوائل میں اسرائیل نے اعلان کیا تھا کہ رفح کراسنگ کو صرف غزہ چھوڑنے والوں کے لیے کھولا جائے گا، جس کی مصر نے فوری طور پر تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس اقدام کی منظوری نہیں دی گئی۔
انجلینا جولی ہالی ووڈ کی سب سے نمایاں شخصیات میں شمار ہوتی ہیں جو اقوام متحدہ کے پناہ گزین ادارے (UNHCR) کی خصوصی ایلچی کے طور پر 20 سال سے زائد عرصے تک خدمات انجام دے چکی ہیں۔
انھوں نے 2022 کے اختتام پر اس عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مستقبل میں وسیع تر انسانی مسائل پر آزادانہ طور پر کام کرنا چاہتی ہیں۔