کراچی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، دو ہزار کلو بارودی مواد برآمد

0 minutes, 0 seconds Read
سیکیورٹی فورسز نے شہر میں ایک بڑی کارروائی کے دوران خودکش گاڑی اور دھماکا خیز مواد برآمد کرکے کراچی میں ممکنہ دہشت گردی کے بڑے حملے کو ناکام بنا دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ کراچی کے علاقے رئیس گوٹھ میں کارروائی کی گئی جہاں دہشت گردوں نے  وہیکل بورن پرووائیڈر ایکسپلوسیو ڈیوائس (وی بی آئی ای ڈی) کے طور پر تیار کیا گیا ایک منی ٹرک رئیس گوٹھ میں واقعے ایک کمپاؤنڈ میں کپڑوں کے ڈھیروں کے نیچے چھپا کر رکھا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردی کے لیے تیار کردہ منی ٹرک میں 60 دھماکا خیز مواد سے بھرے پلاسٹک ڈرم اور 5 دھماکا خیز ایل پی جی سلنڈر موجود تھے، جن کا مجموعی وزن تقریباً 2 ہزار کلوگرام تھا۔

ذرائع کے مطابق اسی کمپاؤنڈ کے ایک کمرے سے بھی بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، جس میں مزید پلاسٹک ڈرم اور گیس سلنڈر شامل تھے، جو بظاہر تیار شدہ تھے۔

مزید بتایا گیا کہ اس کے علاوہ 40،40 کلوگرام کے 6 تھیلے بھی برآمد ہوئے جن میں ہوم میڈ دھماکا خیز مواد موجود تھا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ٹرک اور کمرے میں موجود تمام دھماکا خیز ڈرم اور سلنڈر بحفاظت نکال کر ناکارہ بنا کر تحول میں لے لیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ دھماکا خیز مواد شہر میں منتقل کیا جانا تھا اور ممکنہ ہدف شہر کے اہم مقامات تھے جو ممکنہ طور بارود سے بھرے منی ٹرک سے نشانہ بنائے جانے والے تھے تاہم سیکیورٹی اداروں نے تمام دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنا کر دہشت گردی کی منصوبہ بندی ناکام بنادی۔

Similar Posts