کراچی؛ ڈکیتی کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث 5 رکنی ڈکیت گروہ گرفتار، ملزمان کے اہم انکشافات

0 minutes, 0 seconds Read
پاک کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور لوٹ مار کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث 5 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، نقدی، موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق کیماڑی پاک کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹنے والے انتہائی خطرناک ڈکیت گروہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ تین پستول، چھینے ہوئے 9 موبائل فون، نقدی رقم، گلبہار اور نیو ٹاؤن سے چھینی ہوئی 2 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لیں۔

ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ کے مطابق گرفتار 5 رکنی ڈکیت گروہ ڈکیتی اور لوٹ مار کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت لیاقت، شہنشاہ، طالب، راشد اور رحمان کے نام سے کی گئی ہے، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اہم انکشافات کیے ہیں۔

ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان چھینے ہوئے موبائل فونز کے پارٹس نکال کر فروخت کرتے تھے۔ گرفتار ملزمان کار سوار فیملیز کو بھی لوٹ مار کا نشانہ بناتے تھے جبکہ بلدیہ اور سائٹ کے صنعتی علاقوں میں بھی لوٹ مار کرتے تھے۔

گرفتار ملزمان پر 11 سے زائد ڈکیتی، موٹرسائیکل چوری، موبائل فون چھیننے اور پولیس پر فائرنگ جیسے سنگین مقدمات درج ہیں۔

گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ پاک کالونی میں مزید ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

Similar Posts