پی ایس ایل کے آغاز سے قبل پشاور زلمی کو بڑا دھچکا، بابر اعظم سے متعلق بری خبر آگئی

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل پشاور زلمی کو بڑا دھچکا لگ گیا، کپتان بابراعظم پریکٹس سیشن کے دوران انجری کا شکار ہوگئے۔

پاکستان سپرلیگ ٹین کا میلہ آج سے راولپنڈی میں سجے گا، قومی اور انٹرنیشنل کرکٹ اسٹارز میلے میں رنگ جمائیں گے جبکہ افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز ٹکرائیں گے۔

ایسے میں ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پشاور زلمی کے لیے ایک بری خبر سامنے آئی ہے کہ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پریکٹس سیشن کے دوران انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔

اسلام آباد میں ہونے والے پریکسٹس سیشن کے دوران بابر اعظم کو گیند پاؤں پر لگ گئی جس کے بعد بابر اعظم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں پریکٹس سیشن کے دوران انجری کے بعد ڈریسنگ روم میں جاتے ہوئے لنگڑا کر چلتے دیکھا جا سکتا ہے تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ بابر اعظم کی انجری کی نوعیت کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، بابراعظم کو چلنے میں دشواری ہو رہی تھی جس کے بعد یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ پی ایس ایل کے ابتدائی میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

پشاور زلمی کی جانب سے تاحال بابراعظم کی انجری پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم کرکٹ حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ ان کی عدم موجودگی ٹیم کی حکمت عملی کو متاثر کر سکتی ہے۔

پشاور زلمی کو پی ایس ایل 10 کے اپنے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میدان میں اترنا ہے یہ مقابلہ دوپہر ساڑھے تین بجے شروع ہوگا اور شائقین کرکٹ کو اس بات کا انتظار ہے کہ آیا بابراعظم فٹ ہو کر ٹیم کی قیادت کریں گے یا نہیں۔

Similar Posts