کراچی، پولیس کی بڑی کارروائیاں: چار مختلف مقابلوں میں ایک ڈاکو ہلاک، 4 زخمیوں سمیت 6 گرفتار

0 minutes, 0 seconds Read
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو کو ہلاک جبکہ چار زخمیوں سمیت مجموعی طور پر چھ ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔

گلشن معمار کے علاقے ناردرن بائی پاس ایم ڈی کٹ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں جبکہ اس کا ساتھی گرفتار کر لیا گیا۔

زخمی ڈاکو ارمان اللہ کو اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ گرفتار ملزم بجران کو تھانے لے جایا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، چھینے گئے موبائل فونز اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی، جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ادھر عزیز بھٹی پولیس نے گلشن اقبال بلاک 10 میں عزیز بھٹی پارک کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔

گرفتار ملزمان سعید اور شیخ نظام الدین کو اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے دو پستول، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔

پاکستان بازار پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14 میں مبینہ مقابلے کے دوران دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔

زخمی ڈاکوؤں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جن کی شناخت مرتضیٰ اور آصف کے ناموں سے ہوئی ہے۔

کورنگی کے علاقے میں پولی ٹیکنیکل کالج کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا، جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہے جبکہ شناخت کا عمل جاری ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار اور ہلاک ملزمان مختلف اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے اور شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

Similar Posts