ٹی 20 ورلڈ کپ؛ آئی سی سی نے بنگلادیش کی میچز منتقلی کی درخواست مسترد کردی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

0 minutes, 0 seconds Read
آئی سی سی نے بنگلادیش کی ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے باہر منتقل کرنے کی  درخواست مسترد کردی۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کی بنگلا دیش کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے بنگلا دیشی ٹیم کو طے شدہ شیڈول کے مطابق بھارت میں میچز کھیلنے کی ہدایت کی ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق بنگلا دیش نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنے ٹی 20 ورلڈ کپ میچز بھارت سے باہر کسی غیر جانبدار مقام پر منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم آئی سی سی نے اس درخواست کو منظور نہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ میچز بھارت میں ہی ہوں گے، بصورت دیگر بنگلا دیش کو پوائنٹس کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بنگلا دیش کرکٹ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے کسی قسم کا باضابطہ الٹی میٹم موصول نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش نے بھارت میں سیکیورٹی خطرات کی بنیاد پر میچز کی منتقلی کا مطالبہ کیا تھا اور اس سلسلے میں ایک روز قبل ہی بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آصف اکبر نے واضح طور پر کہا تھا کہ ان کی ٹیم کسی صورت ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے بھارت نہیں جائے گی۔

یاد رہے کہ آئی پی ایل کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائڈرز نے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو بھارتی ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد لیگ سے باہر کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے تعلقات کشیدہ ہوئے اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس کے بعد ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

Similar Posts