پاکستان تیزی سے خطے میں ایک طاقتور، جدید اور مستقبل آفرین آئی ٹی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، جبکہ ملک کے ٹیک سیکٹر کی بڑھتی ہوئی صلاحیت اور جدت انگیز پیش رفت عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
آئی ٹی سی این ایشیا 2026 پاکستان کا ایک اہم اور باوقار عالمی ٹیکنالوجی ایونٹ ہے، جس میں پہلی مرتبہ ملک کا مکمل ٹیک، آئی ٹی اور اسٹارٹ اَپ ایکو سسٹم ایک ہی عالمی پلیٹ فارم پر یکجا ہوگا۔ نمائش میں وفاقی و صوبائی وزراء، پالیسی ساز، صنعتکار، آئی ٹی ماہرین اور بین الاقوامی مندوبین بھرپور شرکت کریں گے۔
منتظمین کے مطابق ایونٹ میں 850 سے زائد اسٹالز، 3 ہزار سے زائد عالمی برانڈز جبکہ 350 سے زائد بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور مندوبین کی آمد متوقع ہے۔ یہ شاندار نمائش ای کامرس گیٹ وے پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے زیرِ اہتمام اور ایس آئی ایف سی کی بصیرت افروز اور فیصلہ کن معاونت سے منعقد کی جا رہی ہے۔
ایونٹ کے دوران عالمی چیف انفارمیشن سیکیوریٹی آفیسر سمٹ کے ساتھ سائبر تھریٹ انٹیلیجنس، اے آئی لیڈرشپ، ڈیجیٹل اثاثہ جات اور فِن ٹیک فارورڈ فورمز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ، تربیتی ورکشاپس اور رہنمائی سیشنز کا اہتمام کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق آئی ٹی سی این ایشیا 2026 پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی جانب ایک مضبوط، فیصلہ کن اور دور رس قدم ہے۔ ایس آئی ایف سی جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل معیشت میں باوقار مقام دلانے میں کلیدی اور قابلِ ستائش کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ یہ نمائش ملکی و بین الاقوامی اداروں کے درمیان سرمایہ کاری، پارٹنرشپ اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے دیرپا اور سازگار مواقع فراہم کرے گی۔