یمن میں سعودی فضائی کارروائی، علیحدگی پسند سربراہ الزبیدی فرار

0 minutes, 0 seconds Read
عدن: سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے یمن میں محدود فضائی کارروائیاں کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان حملوں میں جنوبی علیحدگی پسند فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ کارروائیاں یمن کے صوبے الضالع میں کی گئیں، جہاں علیحدگی پسند عناصر کی فوجی سرگرمیاں بڑھنے کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں۔

سعودی فوجی اتحاد کے بیان کے مطابق سدرن ٹرانزیشنل کونسل (ایس ٹی سی) کے سربراہ عیدروس الزبیدی طے شدہ پروگرام کے مطابق ریاض جانے کے بجائے نامعلوم مقام پر فرار ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق الزبیدی کو منگل کی شب عدن سے ریاض روانہ ہونا تھا، جہاں یمنی حکومت اور جنوبی علیحدگی پسندوں کے درمیان مذاکرات ہونے تھے۔

اتحاد کا کہنا ہے کہ انہیں مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ عیدروس الزبیدی نے بھاری اور ہلکے ہتھیاروں کے ساتھ ایک بڑی فوجی قوت کو الضالع میں متحرک کر لیا ہے۔ ممکنہ تصادم کو روکنے کے لیے صبح چار بجے پیشگی فضائی حملے کیے گئے۔ اسی دوران الزبیدی ریاض جانے والی پرواز میں سوار نہیں ہوئے اور نامعلوم مقام پر چلے گئے۔

دوسری جانب یمن کے ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عیدروس الزبیدی پر غداری کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جس کے بعد انہیں نائب صدر صدارتی لیڈرشپ کونسل کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق الزبیدی کو اپنے اقدامات پر اٹارنی جنرل کے سامنے جوابدہ ہونا ہوگا۔

Similar Posts