نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے شیخوپورہ میں 220 کلو واٹ قائداعظم بزنس پارک گرڈ اسٹیشن کو کامیابی سے فعال کر دیا۔
یہ پیش رفت شیخوپورہ اسپیشل اکنامک زون میں قائم بڑے صنعتی صارفین کے توانائی تقاضوں کی تکمیل کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کی حامل ہے۔
چار ارب روپے سے زائد لاگت سے مکمل یہ منصوبہ صنعتی صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کر کے معاشی سرگرمیوں کو تقویت دے گا۔
یہ منصوبہ ملک کا پہلا گرڈ اسٹیشن ہے جو خصوصی طور پر اسپیشل اکنامک زون کے لیے کمیشن کیا گیا ہے۔
یہ انتظام برقی نظام کو مستحکم بنانے، وولٹیج کے توازن کو بہتر کرنے اور بھاری صنعتی بوجھ کی مؤثر برداشت کو یقینی بنانے میں مددگار ہوگا۔
این جی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر الطاف حسین ملک کے مطابق خصوصی اقتصادی زونز کے لیے جدید پاور انفراسٹرکچر سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
این جی سی کی جانب سے دسمبر میں 500 کلو واٹ لاہور نارتھ گرڈ اسٹیشن کی فعالی سے پنجاب کا ہائی وولٹیج ترسیلی نظام مزید مضبوط ہوا۔ ایس آئی ایف سی کی مربوط سہولت کاری کے نتیجے میں منصوبوں کی بروقت تکمیل قومی ترقی اور معاشی استحکام کی سمت اہم پیش رفت ہے۔