پشاور سے جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وہ اپنے بانی چیئرمین کا پیغام لے کر سندھ جا رہے ہیں ، ان کا یہ دورہ 3 روزہ ہوگا، جس کے دوران وہ مختلف تقریبات میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری میں سب کو بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔ 11 جنوری بروز اتوار شام 4 بجے مزار قائد پر جلسہ منعقد ہوگا، جس کی بھرپور تیاری کی جائے ۔ یہ کراچی کی تاریخ کا بڑا جلسہ ہوگا۔
بعد ازاں سہیل آفریدی اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے ۔ اس موقع پر صوبائی کابینہ کے اراکین، خیبرپختونخوا سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔
واضح رہے کہ سہیل آفریدی سندھ کے دورے کے دوران پارٹی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ علاوہ ازیں کراچی میں وکلا، تاجر تنظیموں، وزیراعلیٰ سندھ اور میڈیا سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
دوسری جانب صوبائی معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ سندھ کے حوالے سے بتایا کہ بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایات پر سندھ کا یہ دورہ اسٹریٹ موومنٹ میں مزید تیزی لانے کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ آج انصاف ہاؤس میں پارٹی قیادت سے ملاقاتوں کے بعد پریس کلب کا دورہ کریں گے، جب کہ پیر کے روز وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات بھی شیڈول ہے۔ اسی طرح 11 جنوری کو مزار قائد پر بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ آج ضلع جنوبی، ملیر اور کورنگی میں اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں سرگرمیوں میں حصہ لینے کے ساتھ جیل اسیران سے بھی ملاقات کریں گے۔
معاون خصوصی کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بروز ہفتہ ریلی کی صورت میں حیدرآباد جائیں گے، جہاں حیدرآباد بار اور پریس کلب میں خطاب کریں گے۔ ہفتہ کے روز آئی ایس ایف کنونشن میں شرکت کے علاوہ سندھ کابینہ اور دیگر معززین سے ملاقاتیں بھی کی جائیں گی، جب کہ وزیراعلیٰ حیدرآباد اور کوٹری میں اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کریں گے۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اتوار کے روز آئی ایل ایف، سینئر وکلا اور آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ کیماڑی اور ضلع غربی میں اسٹریٹ موومنٹ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے ساتھ مزار قائد پر حاضری دیں گے، جب کہ ایم ڈبلیو ایم قیادت اور ضلع مشرقی میں میڈیا سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پیر کے روز سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کے بعد پشاور روانہ ہوں گے۔