بھارت کو سفارتی جھٹکا، بنگلہ دیش نے بڑے اقدامات کا اعلان کر دیا

ڈھاکا: بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان تعلقات میں حالیہ دنوں کے دوران واضح تناؤ سامنے آیا ہے، جس کے بعد بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت کے خلاف متعدد سفارتی اور انتظامی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش نے بھارت میں اپنے تین اہم سفارتی مشنز میں ویزا خدمات معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق بنگلہ دیشی وزارتِ خارجہ کے مشیر ایم توحید حسین نے نئی دہلی، کولکتہ اور اگرتلہ میں قائم سفارتی مشنز کے ویزا سیکشنز بند رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلے سیکیورٹی خدشات اور حالیہ کشیدگی کے تناظر میں کیے گئے ہیں، جن میں بنگلہ دیشی نوجوان کارکن عثمان ہادی کے قتل کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال بھی شامل ہے۔ بنگلہ دیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کو بھارت سے لاحق ممکنہ خطرات کے پیش نظر احتیاطی اقدامات ضروری ہو چکے ہیں۔

امریکی جریدے فارن پالیسی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے سیاسی اور علاقائی معاملات میں مداخلت کے باعث بنگلہ دیش نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی نشریات پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے آئندہ ورلڈ کپ کے دوران بھارت میں میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

فارن پالیسی کے مطابق بنگلہ دیشی حکام کا مؤقف ہے کہ بھارت طویل عرصے سے ملک کی داخلی سیاست اور خارجہ پالیسی میں مداخلت کرتا رہا ہے، جس سے دوطرفہ تعلقات متاثر ہوئے ہیں۔

عالمی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، سرحدی تنازعات اور سیاسی اختلافات نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ عالمی قوانین اور امن کے لیے بھی چیلنج بنتے جا رہے ہیں۔

Similar Posts