ایرانی پارلیمنٹ اسپیکر محمد باقر نے کہا کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو اس کا جواب ضرور دیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر اسرائیل اور خطے میں امریکی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران میں حالیہ فسادات کے پیچھے امریکا اور اسرائیل کا ہاتھ ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کے مطابق ممکنہ امریکی مداخلت کے پیش نظر اسرائیل ہائی الرٹ پر ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق عمانی وزیر خارجہ ابو سعیدی نے تہران کا دورہ کیا اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان، وزیر خارجہ عباس عراقچی، آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر علی لاریجانی اور دیگر اعلی حکام سے ملاقاتیں کیں۔
ملاقات کے دوران امن و امان، خطے کی صورتحال اور دیگر اہم موضوعات زیر بحث آئے۔
نیٹ بلاکس کی رپورٹ کے مطابق ایران بھر میں انٹرنیٹ سروس 60 گھنٹے سے زیادہ معطل ہے، جس نے مظاہرین اور عوام کے لیے رابطے کے ذرائع بند کر دیے ہیں۔