قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اور اسپورٹس تجزیہ کار اور پاکستان ٹیم کے سابق مینجر نعمان نیاز میں نیا تنازع کھڑا ہوگا، نعمان نیاز نے شعیب اختر کو لیگ نوٹس بھجوادیا۔
سابق فاسٹ بالر شعیب اختر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مینجر اور اسپورٹس اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان ایک بار پھر تنازع شدت اختیار کرگیا۔
ڈاکٹر نعمان نیاز نے شعیب اختر کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے، جس میں ان پر ہتک عزت کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
حالیہ انٹرویو میں شعیب اختر نے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ “نعمان نیاز کو بیگ اٹھانے کے لیے رکھا ہوتا تھا، بطور منیجر ان کی اصل ذمہ داری کھلاڑیوں کے بیگ اٹھانا تھی۔
شعیب اختر کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ شعیب اختر نے میرے خلاف حقائق سے ہٹ کر توہین آمیز الفاظ استعمال کیے، میں گزشتہ تین سال سے ایک منظم ہتک آمیز مہم کا سامنا کر رہا ہوں، جس کا اب قانونی طریقے سے جواب دوں گا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نعمان نے شعیب اختر کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کرنے کا عندیہ دیا ہے جبکہ شعیب اختر کی جانب سے تاحال اس قانونی نوٹس پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ شعیب اختر اور نعمان نیاز کے درمیان تعلقات 2021 میں ایک ٹی وی شو کے دوران ہونے والی تلخ کلامی کے بعد سے کشیدہ ہیں، جس کے بعد دونوں شخصیات میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے پر تنقید کرتی رہی ہیں۔