ٹی 20 ورلڈ کپ: آئی سی سی کا بنگلہ دیش کیلئے 2 ممکنہ وینیوز تجویز کرنے کا پلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کے میچز کیلئے بھارت ہی میں دو وینیو تجویز کرنے کا پلان تیار کرلیا۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی رواں ہفتے پیر یا منگل کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی اس درخواست پر جواب دے گا جس میں بنگلہ دیش نے اپنے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے میچز بھارت سے منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بی سی بی نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے آئی سی سی سے باضابطہ طور پر درخواست کی تھی کہ بنگلہ دیش کے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں کرائے جائیں۔

یہ درخواست اس وقت سامنے آئی جب بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) کی ہدایت پر آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ریلیز کردیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق آئی سی سی بنگلہ دیش کی میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست قبول کرنے کے موڈ میں نہیں ہے اور سری لنکا کے بجائے چنئی اور ترواننت پورم کو متبادل وینیوز کے طور پر تجویز کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کے گروپ مرحلے کے میچز اس وقت کولکتہ اور ممبئی میں شیڈول ہیں۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نے چنئی کو بطور وینیو قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی حکومت نے بھی سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے بھارتی حکومت سے براہِ راست رابطے کی توقع ظاہر کی ہے۔ بی سی بی کا مؤقف ہے کہ جب تک سیکیورٹی سے متعلق مکمل یقین دہانی نہیں کرائی جاتی وہ اپنی ٹیم کو بھارت بھیجنے پر مطمئن نہیں ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیشی امپائر شرف الدولہ ثاقب نے بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ون ڈے میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے جب کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی شرف الدولہ ثاقب اور غازی سہیل کے میچ آفیشلز کے طور پر شامل ہونے کا امکان ہے۔ آئی سی سی اس مثال کو بنگلہ دیش کے سیکیورٹی خدشات کے جواب میں پیش کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم پہلے ہی بھارت جانے سے انکار کرچکی ہے پاکستان کے میچز سری لنکا میں ہوں گے، بھارت اور پاکستان کا میچ بھی کولمبو میں شیڈول ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز میں چار ہفتوں سے بھی کم وقت رہ گیا ہے اور حصہ لینے والی ٹیمیں فروری کے پہلے ہفتے میں پریکٹس کے لیے بھارت پہنچنا شروع ہو جائیں گی۔ اسی وجہ سے آئی سی سی اس تنازع کو جلد از جلد حل کرنا چاہتی ہے تاکہ ٹورنامنٹ کے انتظامات متاثر نہ ہوں۔

Similar Posts