پاکستان گیس پائپ لائن معاہدہ ختم کرنے اور ایران 10 سالہ توسیع کا خواہاں

پاکستان نے ایران سے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ماورائے عدالت تصفیہ کے تحت ختم کر دے، ایران نے ختم کرنے کے بجائے معاہدہ میں دس سالہ توسیع پر اتفاق کیا ہے۔

پاک ایران گیس پائپ لائن پر کام امریکی پابندیوں کے باعث 2014 سے بند ہے، ایران نے معاہدہ میں 10سال توسیع کی، مزید دس سالہ توسیع کیلئے تیار ہے، مگر پاکستان گیس کی کم طلب اور امریکی پابندیوں کے باعث معاہدہ ختم کرنا چاہتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اس صورت معاہدہ میں توسیع چاہتا ہے کہ امریکا چھوٹ اور ایران گیس کی قیمت و حجم دونوںکم کرے۔

رپورٹ کے مطابق پائپ لائن معاہدے پر عملدرآمد میں ناکامی پر ایران کی قانونی کارروائی کے بعد سے دونوں ملک بیک ڈور سفارتی رابطے میں ہیں، معاملہ پاکستان کا دورہ کرنیوالی اعلیٰ ایرانی شخصیات کیساتھ بھی اٹھایا گیا۔

حکام نے بتایا کہ پاکستان نے امریکی پابندیوں کے باعث بہت پہلے ایران سے یہ معاہدہ ختم کرنے کا کہا تھا؛ علاوہ ازیں کم طلب کے باعث ملک میں گیس پہلے ہی وافر ہے، اسلئے قطر سے 2026 کیلئے ایل این جی کے سودے ختم کئے گئے؛ ایرانی گیس ایل این جی سے بھی مہنگی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ معاہدہ پر عملدرآمد کیلئے ماضی میں بھی امریکا سے چھوٹ مانگی گئی، مگر انکار کر دیا گیا۔

ایران کا دعویٰ ہے کہ منصوبہ پر اپنے حصے کا کام کر چکا، پاکستان نے ابھی شروع کرنا ہے۔

ترجمان امریکی دفتر خارجہ میتھیو ملر کہہ چکے کہ ایران کیساتھ تجارتی معاہدوں پر غور کرنیوالے مضمرات سے خبردار رہیں، پاکستان پہلے بھی پاک ایران گیس منصوبے پر عملدرآمد کے متبادل ذریعے پر کام کی کوشش کر چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق متبادل منصوبہ کے تحت پاکستان گوادر تک ایل این جی پائپ لائن بچھانا اور اسے ایرانی سرحد تک توسیع دینا چاہتا تھا، مگر امریکی پابندیوں کے دباؤ پر منصوبہ ترک کر دیا گیا۔

قطر سے پاور سیکٹر کیلئے درآمد ایل این جی پوری طرح استمعال نہ ہوئی، جس کے نتیجہ وافر گیس کی صورت میں نکلا۔

حکومت نے پاور سیکٹر میں ایل این جی کا استعمال بڑھانے کیلئے زرعی و صنعتی شعبوں کو کم قیمت بجلی فراہم کرنے کا اعلان اور گھریلو و کمرشل صارفین کو نئے کنکشن دینے کیلئے دس سالہ پابندی ختم کی ہے۔

حکام نے بتایاکہ اس کا مقصد استعمال بڑھا کر ایل این جی کے فاضل ذخائر کا مسئلہ حل کرنا ہے، تاہم نئے کنکشن والے صارفین کو گیس ایل این جی کے ریٹ پر ملے گی۔

Similar Posts